اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی فوج کے لڑاکا طیاروں نے خیبرایجنسی میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جبکہ بلوچستان کے شہر زیارت میں دہشتگردوں کے ساتھ ایک زبردست جھڑپ کی اطلاعات ہیں۔ میڈیا رپورٹوں میں بتایا گيا ہے کہ بلوچستان کے شہر زیارت میں سیکیورٹی فورس کی تازہ کارروائی میں دہشتگرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان کا ایک اہم کمانڈر اپنے آٹھ دہشتگرد ساتھیوں کے ساتھ ہلاک ہوگیا ہے۔
ہلاک ہونے والا دہشتگرد کمانڈر پاکستانی طالبان کی بلوچستان شاخ کا نائب صدر بھی تھا۔سیکورٹی اہلکاروں نے بڑی مقدار میں بارودی مواد اور اسلحہ بھی برآمد کیاہے۔ پاکستانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کا یہ گروپ اغواء برائے تعاوان اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث تھا ۔
میڈیا رپوٹوں کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں غیر ملکی بھی شامل ہو سکتے ہیں۔ اس سے پہلے خیبر ایجنسی میں پاکستانی فوج کے فضائی حملوں اور زمینی کارروائی کے نتیجے میں طالبان کے ایک اہم ازبک کمانڈر سمیت ستائیس دہشتگرد ہلاک ہوگئے تھے۔
خیال رہے یہ کارروائیاں ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب منگل کے روز پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں طالبان کے حملے کے نتیجے میں ایک سو بیتیس بچوں سمیت ایک سواڑتالیس افراد شہید ہوگئے تھے۔ اس سانحے کے بعد سے آپریشن ضرب عضب اور خیبر ون اور ٹو میں تیزی دیکھی جارہی ہے۔گزشتہ روز وادی تیراہ میں پاکستانی فضائيہ کی ایک کارروائی کے نتیجے میں ستاون دہشت گرد مارے گئے تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169